(۵)
امام حسن مجتبي عليه السلام سب سے زیادہ
پیغمبر خدا صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے مشابہ
کتاب شريف «بحارالانوار » میں لکھتے ہیں کہ: زبير کے غلام مسہر کا بیان ہے:
جب میں اس بارے میں گفتگو کر رہا تھا کہ خاندان پيغمبر خدا صلى الله عليه وآله وسلم میں کون آنحضرت کے مشابہ ہیں تو اسی وقت عبداللَّه بن زبير آیا اور اس نے کہا: میں تمہیں بتاتا ہوں کہ خاندان پيغمبر صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم میں کون آنحضرت سے زیادہ شباہت رکھتا ہے۔ رسول خدا صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے سب سے زیادہ مشابہ حسن بن على عليہما السلام ہیں۔
میں نے بارہا دیکھا ہے کہ پيغمبر صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم حالت سجدہ میں ہوتے تو وہ آتے اور آنحضرت کی پشت مبارک پر سوار ہو جاتے اور جب تک وہ نہ اترتے رسول خدا صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم انہیں خود نیچے نہ اتارتے۔
میں نے سنا ہے کہ پيغمبر خدا صلى الله عليه وآله وسلم نے امام حسن عليه السلام کے بارے میں فرمایا ہے:
هو ريحاني من الدنيا ، وإنّ إبني هذا سيّد يصلح اللَّه به بين فئتين من المسلمين.
وہ دنیا میں میری خوشبو ہے ، اور میرا یہ فرزند ایسا سید و سردار ہے کہ خداوند متعال ان کے ویلہ سے دو مسلمان گروہوں کے درمیان صلح و آشتی قائم فرمائے گا۔
پھر آپ نے فرمایا: إنّي اُحبّه واُحبّ من يحبّه ؛
میں ان سے اور ان سے محبت کرنے والوں سے محبت کرتا ہوں .(1)
1) العدد القويّة : 42 ، بحار الأنوار : 317/43 ذيل ح 74 .
منبع: فضائل اہلبيت عليہم السلام کے بحر بیکراں سے ایک ناچیز قطرہ : ج 2 ص 453 ح 2








