خدا کی رحمت واسعه اور دشمنوں کو قتل کرنا
خدائے رحمن و رحیم ’’رحمت کامل ‘‘ کا مالک ہے اور امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کو بھی »رحمة الله الواسعة «کے نام سے یاد کیا گیا ہے۔ یعنی اب تک خدا کی رحمت بطور کامل دنیا میں نہیں پھیلی لیکن ظہور کے پرشکوہ دور میں امام زمانہ ارواحنا فداہ رحمت الٰہی کو دنیا میں عام کریں گے اور اسے عالمگیر بنائیں گے۔
اب تک ہر جگہ اور ہر کسی پر خدا کی رحمت کاملہ جاری نہ ہونے کی وجہ شیطان اور اس کے پیروکاروں کی موجودگی ہے جو شیطان اور نفس امّارہ کی پیروی کرتے ہوئے اپنے ظلم و ستم اور فریب سے خدا کی رحمت کاملہ کی وسعت میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں ۔
حضرت بقیۃ الله الأعظم ارواحنا فداه انہیں نیست و نابود کر کے خدا کی رحمت کاملہ اور اس کی وسعت کے درمیان حائل رکاوٹوں کو دور کریں گے اور پھر پوری دنیا پر خدا کی رحمت کاملہ و واسعہ جاری ہو گی ۔
شیطان کی پیروی کرنے والے خونخواروں کے قتل کی وجہ یہ ہے کہ وہ گمراہی، ظلم اور خونخواری سے دستبردار نہیں ہوں گے اور یہ کہ وہ عدل و انصاف کے نفاذ ، امن و امان کے قیام اور احکام الٰہی کے نفاذ میں رکاوٹ ہیں۔
یہ وہ وقت ہو گا کہ جب درندوں سے درندگی اور وحشی حیوانات سے وحشت اور ڈسنے والے حشرات سے ڈسنے کی صفت ختم ہو جائے گی اور بھیڑیں، بھیڑیے، شیر اور ہرن ایک ہی چشمے سے پانی پیئیں گے لیکن اس کے باوجود حیوانات سے بھی زیادہ پست افراد اپنی حیوانی فطرت سے دستبردار نہیں ہوں گے۔








