معاشی ترقی
حضرت امام زمانہ عجل الله تعالٰى فرجه الشریف کے دور میں حل ہونے والے مسائل میں سے ایک اہم مسئلہ حیرت انگیزمعاشی ترقی ہے ، جس سے دنیا کے تمام لوگوں کی غربت و افلاس سے نجات ملے گی ۔ اس پرشکوہ دور میں غربت کے مختلف اسباب کا خاتمہ ہو جائے گا اور دنیا کے تمام لوگ دولت اور جائیداد کے لحاظ سےمالدار اور بے نیاز ہو جائیں گے۔
ایک طرف فقر اور غربت کے اسباب کا خاتمہ اور دوسری طرف ایسی چیزوں کا پیدا ہونا جن کی وجہ سے لوگ بے نیاز ہو جائیں گے اور دنیا کے تمام لوگ مال و دولت سے لطف اندوز ہوں گے۔ دنیا کی تمام زمینیں سرسبز و شاداب ہو جائیں گی اور بارشوں کی کثرت سے تمام صحرا خشک سالی سے چھٹکاراپائیں گے اور ساری دنیا گلستان بن جائے گی۔
غربت و تنگدستی کے اسباب کے خاتمے اور مال و دولت کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرنے والی چیزوں کے پیدا ہونے سے دنیا بھر کے لوگوں کے پاس مال و دولت کی فراوانی ہو گی ،اور وہ بے نیاز ہو جائیں گے۔ دنیا کو سرسبز بنانے اور لوگوں کو خشک سالی سے نجات دلانے میں بہت ہی اہم کردار ادا کرنے والی چیزوں میں سے ایک بارشوں کی کثرت ہے۔ بعض روایات کے مطابق لوگوں کے گناہوں کی وجہ سے بارشیں برسنا بند ہو جاتی ہیں ، لیکن ظہور کے دور میں طاقتور اور پرکشش بارشیں برسیں گی ، اور اس کی وجہ یہ ہو گی کہ لوگ اپنے گناہوں کو ترک کر دیں اور دنیا کے تمام حصوں میں عدل و انصاف کی حکمرانی ہو گی ۔








