حضرت امام صادق علیہ السلام نے فرمایا : اگر میں ان(امام زمانہ علیہ السلام) کے زمانے کو درک کر لیتا تو اپنی حیات کے تمام ایّام ان کی خدمت میں بسر کرتا۔
امام حسین علیہ السلام کے عزاداروں پر خدا کا درود

امام حسین علیہ السلام کے عزاداروں پر خدا کا درود

اب عزاداری ، اشک اور گریہ  کی عظمت و اہمیت کے بارے میں حضور نبی اکرم  صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے فرمان پر غور فرمائیں :

جب خدا سے کئے گئے عہد و پیمان کو توڑنے اور خدا کے رسولوں کی تکذیب کرنے والے یہودیوں کے بارے میں یہ آیۂ کریمہ «وَإِذْ أَخَذْنَا مِيْثَاقَكُمْ لاَتَسْفِكُوْنَ دِمَاءَكُمْ»[1] نازل ہوئی تو رسول خدا صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم  نے فرمایا :

کیا میں تمہیں ان لوگوں کے بارے میں بتاؤں جو اس امت میں ان یہودیوں سے مشابہ ہیں ؟

عرض کیا : جی ہاں ۔ یا رسول اللہ !

آپ نے فرمایا : میری امت میں سے ایک گروہ کا یہ خیال ہے کہ وہ میرےدین اور  آئین پر ہے ( یعنی وہ  گروہ خود کو مسلمان سمجھتا ہے) لیکن وہ میری بہترین ذریت اور میری سب سے پاکیزہ اولاد کو قتل کرے گا،میری شریعت اور سنت کو تبدیل کرے گا ، میرے دو بیٹوں حسن اور حسین علیہما السلام کو شہید کرے گا  ، جس طرح ان یہودیوں کے گزشتگان نے حضرت زکریا اور یحیی (علیہما السلام) کو قتل کیا ۔ آگاہ ہو جاؤ ! خدا ان پر لعنت کرے گا ، جس طرح خدا نے ان پر لعنت کی تھی  ،  اور امام حسین مظلوم علیہ السلام کی اولاد میں سے ہدایت کرنے والے کو مبعوث کرے گا ، جو شمشیر کے ذریعہ ان کے دوستوں کو واصل جہنم کرے گا ۔

آگاہ ہو جاؤ ! خداوند امام حسین علیہ السلام کے قاتلوں ، ان(قاتلین) کے دوستوں ، محبوں  اور کسی وجہ اور تقیہ کے بغیر ان پر لعنت نہ کرے والوں پر لعنت کرے گا ۔

ألا وصلّى الله على الباكين على الحسين رحمة و شفقة، واللاعنين لأعدائهم والممتلئين عليهم غيظاً وحنقاً...

آگاہ ہو جاؤ ! خداوند ، امام حسین علیہ السلام پر محبت اور دلسوزی سے گریہ کرنے والوں اور ان کے دشمنوں پر لعنت کرنے والوں پر درود بھیجتا ہے ۔

آگاہ ہو جاؤ  اور جان لو ! امام حسین علیہ السلام کے قتل پر راضی ہونے والے بھی آپ کے قاتلوں کے ساتھ شریک ہیں ۔ جان لو ! امام حسین علیہ السلام کے قاتل ، ان کی مدد کرنے والے ، ان کی حمایت کرنے والے اور ان کی پیروی کرنے والے خدا کے دین سے خارج ہیں ۔

خداوند تبارک و تعالیٰ نے اپنے مقرب ملائکہ کو حکم دیا ہے کہ امام حسین علیہ السلام پر گریہ کرنے والوں کے آنسوؤں کو لے کر جنت کے خزینہ داروں کے حوالے کریں ، اور انہیں آب حیات کے ساتھ ملائیں تا کہ اس کی مٹھاس اور لذت میں کئی ہزار گنا اضافہ ہو جائے ۔

نیز ملائکہ سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام کے قتل پر خوش ہونے والوں اور ہنسنے والوں کے گریہ کو لے کر ہاویہ جائیں گے اور اسے حمیم کے ساتھ ملا دیں گے تا کہ اس کی حرارت اور عذاب کی شدت میں ہزارگنا اضافہ ہو جائے  اور اس کے ذریعہ وہاں منتقل ہونے والے آل  محمد (علیہم السلام) کے دشمنوں کا عذاب شدید ہو جائے ۔ [2]

سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام پر گریہ کرنے والے ہر مرد اور عورت کو یہ جان لینا چاہئےکہ امام حسین علیہ السلام کے مصائب پر گریہ کرنا صرف آپ کی مصیبت کی وجہ سے نہیں ہے ، بلکہ اس کے کئی دوسرے آثار بھی ہیں جو عالم بلکہ عوالم کے مستقبل پر رونما ہوئے اور جو کائنات میں ظلم و جبر اور خیانت کے سلسلے کو جاری رکھنے کا باعث بنے ۔

 جو کوئی بھی حضرت امام حسین علیہ السلام کے مصائب پر گریہ کرے  اور جب بھی وہ اس طرف توجہ کرے تو  وہ اس بات کر درک کرے گا کہ حضرت بقیۃ اللہ الاعظم عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے ظہور کے بغیر اس ظلم و ستم ، بربریت اور تاریکی و ظلمت  کا خاتمہ نہیں ہو گا ، اس لئے وہ  امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے ظہور میں تعجیل کے لئے دعا کرتا ہے اور اس بات کی اہمیت کی وجہ سے حضرت کے ظہور میں تعجیل کے لئے سینکڑوں دعائیں اور زیارات وارد ہوئی ہیں ۔ جو کوئی دعاؤں کے اس خزانے کو دیکھنا چاہتا ہے وہ  کتاب ’’ صحیفۂ مہدیہ ‘‘ کی طرف رجوع کرے  ۔ یہ  کتاب ہمارے آقا و مولا ولی عصرحضرت امام مہدی عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے ظہور میں تعجیل کے لئے وارد ہونے والی دعاؤں کا نایاب مجموعہ ہے۔ [3]

 


[1] ۔ سورۂ بقرہ ، آیت : ۸۴ (اور ہم نے تم سے عہد لیا کہ آپس میں ایک دوسرے کا خون نہ بہانا)

[2] ۔ بحار الأنوار ، ۴۴ / ۳۰۴ ، ح ۱۷ .

[3] ۔ صحیفۂ حسینیہ : ۱۳۲.

    ملاحظہ کریں : 142
    آج کے وزٹر : 49057
    کل کے وزٹر : 92670
    تمام وزٹر کی تعداد : 132734314
    تمام وزٹر کی تعداد : 91975171