امام علی علیه السلام اور عصرِ ظهور

دلیل و برہان ؛ حصول علم کا ایک ذریعہ

10
فہرستِ ابواب 96

متنِ باب

دلیل و برہان ؛ حصول علم کا ایک ذریعہ

جیسا کہ آپ جانتے ہیں ظہور کے آغاز  میں جو لوگ اصل تشیع پر یقین نہیں رکھتے لیکن وہ امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف سے جنگ  کرنے کے لئے قیام نہیں کریں گے؛ انہیں  قتل نہیں کیا جائے گا  بلکہ جنگ اور خونریزی کی بجائے ان کے ساتھ دلیل و برہان  سےبحث  کی جائےگی اور امام عصر عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے اصحاب ان کے دلوں کو  محکم دلائل کے ذریعہ تشیع کی طرف راغب کریں گے۔کیونکہ  جس طرح امیرالمؤمنین حضرت امام علی علیہ السلام نے فرمایا ہے کہ ظہور کے زمانے میں دنیا عدل و انصاف اور برہان سے سرشار ہو گی اور تشیع کےحق اور مخالفین کے عقائد کے باطل ہونے میں کوئی شک و شبہ باقی نہیں رہے گا۔

انسانی تاریخ میں ایسی کوئی مثال نہیں ملتی کہ بحث اور برہان اس قدر وسیع ہو کہ وہ عالمی سطح پر پھیل جائے  اور دنیا کے تمام لوگ امام عصر ارواحنا فداه کی بصیرت اور علوم و معارف سے بہرہ مند اصحاب کے دلائل کے ذریعہ بیدار ہو جائیں اور جہالت و غفلت سے نجات پائیں۔ تاریخ تشیع میں علماء اور بزرگانِ دین نے مخالفین کے ساتھ بحث و استدلال کیا اور انہیں دندان شکن جواب دے کر انہیں شکست دی،لیکن یہ بحث عالمی نہیں تھی اور پوری دنیا کو شامل نہیں کرتی تھی۔ دلیل و برہان دنیا بھر میں علم و دانش اور صحیح عقائد کے حصول کا مضبوط ذریعہ ہے اور عصر ظهور کی خصوصیات میں سے ایک دنیا بھر میں دلیل اور برہان کا عام ہونا ہے۔ ہم یہاں ایک بہت دلچسپ بحث نقل کرتے ہیں جو ایک شیعہ نے مخالفین کے ایک سربراہ سے کی ہے تاکہ آپ دیکھ سکیں کہ دلیل و برہان کس طرح تشیع کی اصالت اور حقانیت  کو ثابت کرتے ہیں۔

ایک شیعہ نے کہا: ہم فضل بن حسن کے ساتھ ایک جگہ پہنچے جہاں ابو حنیفہ درس دے رہے تھے۔ فضل نے کہا: میں یہاں سے اس وقت تک نہیں جاؤں گا جب تک میں اسے بحث میں مغلوب نہ کر دوں۔

لوگوں نے کہا: وہ زمانے کے بڑے علماء میں سے ہے، کہیں وہ تمہیں  مغلوب نہ کر دے۔

 فضل نے کہا: کبھی بھی کسی کی دلیل اور حجت مؤمنین کی دلیل اور حجت پر غالب نہیں آ سکتی۔ پھر وہ ابوحنیفہ کے پاس گئے اور کہا: اے خلیفہ! میرا ایک بھائی ہے جو مجھ سے ایک سال بڑا ہے اور رافضی ہے۔ اگرچہ میں اسے کہتا ہوں کہ رسول خدا صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے بعد سب سے فاضل شخص ابو بکر ہے، لیکن اس کا کہنا ہے کہ کہ سب سے افضل علی علیہ السلام ہیں۔اب میں اسے کیسے قائل کروں؟

 ابو حنیفہ نے کہا: اپنے بھائی سے کہو کہ ابو بکر اور عمر جهاد میں رسول خدا صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے ساتھ بیٹھتے تھے اور علی علیہ السلام جهاد کرتے تھے، اور یہ بات ان کی فضیلت کی دلیل ہے۔

 فضل نے کہا: میں نے یہ بات اپنے بھائی سے کہی، اس نے کہا: خداوند متعال  فرماتا ہے:

وَفَضَّلَ اللهُ الْمُجاهِدِيْنَ عَلَى الْقَاعِدِيْنَ أَجْراً عَظِيْماً .[1]

خدا نے جہاد کرنے والوں کو بیٹھے رہنے والوں پر عظیم اجر عنایت کئے ہیں ۔

پس اس آیت کے مطابق علی علیہ السلام افضل ہیں۔

ابو حنیفہ نے کہا: اپنے بھائی سے کہو کہ تم علی علیہ السلام کو ان پر کیسے ترجیح دیتے ہو ، جبکہ وہ رسول صلی اللہ علیہ و آلہ و سم  کے پہلو میں دفن ہیں اور علی علیہ السلام آنحضرت سے دور ہیں؟

 فضل نے کہا: میں نے یہ بات کہی، تو میرے بھائی نے یہ آیت پڑھی:

يا أَيُّهَا الَّذينَ امَنُوا لاتَدْخُلُوا بُيُوتَ النَّبِيِّ إِلّا أَنْ يُؤْذَنَ لَكُمْ.[2]

اے ایمان والو! پیغمبر کے گھروں میں داخل نہ ہو، یہاں تک کہ تمہیں اجازت دے دی جائے۔

رسول خدا صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی قبر مطہر ان کے گھر میں تھی ، لیکن آنحضرت نے ان دونوں کی اس بات کی اجازت نہیں دی تھی کہ انہیں وہاں دفن کریں۔

ابو حنیفہ نے کہا: اسے کہو کہ عائشہ اور حفصہ نے اجازت دی تھی کہ وہ اپنے صداق کے بدلے انہیں وہاں دفن کریں۔

 فضل نے کہا: میں نے یہ بات بھی اسے بتائی، تو اس نے جواب میں یہ آیت پڑھی:

يا أَيُّهَا النَّبِيُّ إِنَّا أَحْلَلْنا لَكَ أَزْواجَكَ اللّاتي اتَيْتَ اُجُورَهُنَّ .[3]

اے پیغمبر! ہم نے آپ کے لئے وہ بیویاں حلال کر دی ہیں جنہیں آپ نے ان کا مہر ادا کر دیا ہے۔

پس اس آیت سے معلوم ہوتا ہے کہ ان کی صداق آنحضرت  کے ذمہ نہیں تھی۔

 ابو حنیفہ نے کہا:اپنے بھائی سے کہو کہ انہوں نے ارث کی وجہ سے اس پر تصرف کیا۔

فضل نے کہا: میں نے یہ بات بھی کہی، تو میرے بھائی نے کہا: تمہارے مذہب میں رسول خدا صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم  کی کوئی میراث نہیں ہوتی، اور حضرت فاطمہ علیہا السلام سے فدک اس لئے لے لیا گیا کیونکہ رسول خدا صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم  نے فرمایا تھا :

نَحْنُ مَعَاشِرَ الْأَنْبِيَاءِ لَا نُورَثُ، مَا تَرَكْنَاهُ صَدَقَةٌ.

ہم گروہِ انبیاء میراث نہیں چھوڑتے، لہٰذا ہم جو کچھ چھوڑ جاتے ہیں، وہ صدقہ ہوتا ہے۔

پس جب رسول خدا صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم  کی بیٹی کو میراث نہیں   ملی  تو پھر دوسروں کی بیٹیوں کو کیسے ان سے میراث مل سکتی ہے؟ اور اگر بالفرض وہ میراث پائیں بھی تو نو عورتوں کا حصہ ثمن ہو گا اور اس ثمن کے  آٹھ حصوں میں سے ایک حصہ عائشہ کو ایک حصہ حفصہ  کو ملے گا جو زمین کے دوچھوٹے حصے بھی نہیں بنتے، تو پھر دو قبروں پر ان کا تصرف کیسے جائز ہو سکتا ہے؟ ابو حنیفہ نے اعتراض کیا اور کہا:أخرجوه فهو رافضى وليس أخ له۔اس شخص کو نکال دو، وہ رافضی ہے اور اس کا کوئی بھائی نہیں ہے۔[4]

اس واقعہ سے یہ واضح ہو جاتا ہے کہ دلیل و برہان کس طرح بڑے سے بڑے دشمن کو بھی مغلوب کر سکتی ہے۔

[1] ۔ سورهٔ نساء، آیت: ۹۵.

[2] ۔ سورهٔ  احزاب، آیت : ۵۳.

[3] ۔ سورۂ  احزاب، آیت : ۵۰.

[4] ۔ خزائن: ۱۸۱.